چندریان 3 کو لینڈنگ سے قبل چاند پر کیا نظر آیا؟ نا قابل فراموش ویڈیو
Aug 25 2023 | ویب ڈیسک
بھارتی خلائی مشن چندریان 3 نے دو روز قبل چاند پر کامیابی سے لینڈنگ کر لی وہاں اترنے سے قبل چاند پر کیا نظر آیا اس کی ویڈیو میں عکاسی ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق بھارت کے خلائی مشن چندریان تھری نے چاند ک ے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کی جس کے بعد اس کا روور پرگیان باہر نکل کر چاند پر چہل قدمی کر رہا ہے۔ اسرو نے چاند پر قدم رکھنے کے بعد ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹچ ڈاؤن سے قبل چاند وکرم لینڈر کو کیسا نظر آیا۔
اسرو نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل (ایکس) پر 2 منٹ 17 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ جس میں بتایا گیا کہ لینڈر امیجر کیمرے نے ٹچ ڈاؤن سے ٹھیک پہلے چاند کی تصویر کھینچ لی۔ امیجر کیمرے سے ہائی ریزولوشن ویڈیو چاند کی خوبصورت سطح کو دکھاتی ہے، جو گڑھوں سے بھری پڑی ہے۔ جیسے جیسے لینڈر نیچے جاتا ہے، چاند کی سطح بڑی اور صاف ہوتی جاتی ہے۔ کلپ کے آخری چند سیکنڈز میں وکرم لینڈر کو سست ہوتے اور چاند کی سطح کو چھوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
چندریان کا لینڈر وکرم بدھ کی شام 6.04 بجے چاند کے جنوبی قطب پر اترا۔ اسرو نے کہا کہ لینڈنگ کے چند گھنٹے بعد روور پرگیان لینڈر سے باہر نکل گیا تھا۔ روور اور لینڈر دونوں اچھی حالت میں ہیں اور اس نے چاند پر چلنا شروع کر دیا ہے۔
روور میں دو پے لوڈ ہیں جو پانی اور دیگر قیمتی دھاتوں کی تلاش میں مدد کریں گے۔ روور ڈیٹا اکٹھا کرے گا اور اسے لینڈر کو بھیجے گا۔ لینڈر وکرم اس ڈیٹا کو زمین پر منتقل کرے گا۔ چندریان-2 کا مدار بھی ڈیٹا کی فراہمی میں مدد کرے گا۔
چاند کا ایک دن زمین کے 14 دنوں کے برابر ہے۔ لینڈر وکرم اور روور پرگیان 14 دن تک چاند کے جنوبی قطب پر اپنا کام کریں گے۔ اس کے بعد وہاں اندھیرا چھا جائے گا۔ چونکہ وکرم اور پرگیان صرف سورج کی روشنی میں کام کر سکتے ہیں، اس لیے وہ 14 دن کے بعد غیر فعال ہو جائیں گے۔ 14 دنوں میں سے دو دن گزر چکے ہیں۔
Views= (708)
Join on Whatsapp 1 2