اسلام آباد ہائیکورٹ: چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب
Aug 12 2023 | ویب ڈیسک
اسلام آباد ہائی کورٹ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مذکورہ کیس میں عمران کی سزا کے خلاف درخواست پر یہ حکم جاری کیا۔
عمران خان اس اٹک جیل میں قید ہیں، 5 اگست کو اسلام آباد کی ٹرائل کورٹ نے اس مقدمے میں سابق وزیراعظم کو 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 5 سال کے لیے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے 5 اگست کے فیصلے کے خلاف اپنے وکلا کے ذریعے ایک پٹیشن دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ مذکورہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ یہ پہلے سے طے شدہ تھا۔
گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ عدالت پہلے نوٹس جاری کرے گی اور معطلی کا فیصلہ جواب دہندگان کو سننے کے بعد ہی کرے گی۔
آج جاری ہونے والے تحریری حکم نامے میں عدالت نے اسلام آباد کے ضلعی الیکشن کمشنر کو نوٹس جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ یہ اپیل 5 اگست 2023 کے فیصلے کے خلاف دی گئی ہے، جس کے تحت اپیل کنندہ (عمران خان) کو الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 190 کے تحت دائر مقدمے میں ایک لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
فیصلے میں عدالت کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں، کیس کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔
Views= (571)
Join on Whatsapp 1 2