واٹس ایپ کی وہ بہترین ٹرکس جن کا متعدد افراد کو علم ہی نہیں
Jun 4 2023 |
واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس میں متعدد فیچرز موجود ہیں۔
اربوں صارفین اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں مگر کروڑوں کو اس میں چھپے چند بہترین فیچرز کا علم ہی نہیں ہوتا۔
واٹس ایپ کی ایسی ہی چند ٹرکس کے بارے میں جانیں جو اس پلیٹ فارم میں آپ کے بہت زیادہ کام آسکتی ہیں۔
میسج ایڈٹ
کچھ عرصے قبل واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کو متعارف کرایا گیا۔
پہلے کسی غلط میسج بھیجنے پر صارفین کو اسے ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا یا الگ سے غلطی کو درست کرکے نیا میسج بھیجنا پڑتا تھا۔
مگر اب میسج ڈیلیٹ کیے بغیر ہی اسے ایڈٹ کرنا ممکن ہے۔
اگر آپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، تو اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔
اگر آپ آئی او ایس ڈیوائس پر واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں تو میسج بھیجنے کے بعد اسے سلیکٹ کریں، ایسا کرنے پر آپ کے سامنے پوپ اپ مینیو میں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔
اسی طرح اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر میسج کو سلیکٹ کرنے کے بعد اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں گے تو وہاں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا۔
ایڈٹ آپشن پر کلک کرکے آپ اپنے پیغام کو بدل سکتے ہیں یا کوئی غلطی ہے تو اسے درست کر سکتے ہیں۔
یہ واضح رہے کہ صرف ٹیکسٹ میسجز کو 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا، فوٹوز، آڈیو یا ویڈیو پر مبنی میسج کو ایڈٹ نہیں کیا جا سکتا۔
ٹیکسٹ کو بولڈ، اٹالک یا اسٹرائیک تھرو اسٹائل میں پوسٹ کریں
ویسے تو یہ فیچر میٹا کی زیرملکیت ایپ میں کئی برس سے موجود ہیں مگر حیران کن طور پر اب بھی متعدد افراد کو اس کا علم نہیں۔
اگر آپ اپنے میسج کو بولڈ کرنا چاہتے ہیں تو میسج کے شروع اور آخر میں * کا اضافہ کردیں، جیسے *biscuit*۔
اسی طرح اٹالک کے لیے میسج کے شروع اور آخر میں _ کو لگانا ہوگا، جیسے _text_، جبکہ اسٹرائیک تھرو اسٹائل کے لیے جملے کے آخر اور شروع میں ~ کا اضافہ کرنا ہوگا، جیسے ~text~۔
اور ہاں کسی میسج کے شروع اور آخر میں ``` کا اضافہ کرکے آپ مونو اسپیس فونٹ میں بھی اپنے پیغام کو تحریر کرسکتے ہیں۔
ڈیلیٹ فار می میسج واپس لائیں
یہ فیچر دسمبر 2022 میں ہی متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کو استعمال اسی وقت کیا جاسکتا ہے جب آپ کسی میسج کو ڈیلیٹ فار ایوری ون کی بجائے غلطی سے ڈیلیٹ فار می کردیں۔
ایسا کرنے پر آپ کے سامنےمیسج ڈیلیٹ فار می کے جملے کے ساتھ ان ڈو (undo) کا آپشن نظر آئے گا۔
ان ڈو پر کلک کرنے پر ڈیلیٹ میسج واپس اسکرین پر نمودار ہوجائے گا۔
مگر آپ کے پاس ڈیلیٹ میسج ان ڈو کرنے کے لیے بس چند سیکنڈ ہوں گے اور اس کے بعد یہ آپشن غائب ہوجائے گا۔
موبائل ڈیٹا پر واٹس ایپ فائلز کو آٹو ڈاؤن لوڈ ہونے سے روکیں
-
اگر آپ اپنے قیمتی موبائل ڈیٹا (انٹرنیٹ) کو بچانا چاہتے ہیں تو میڈیا ڈاؤن لوڈ کے آپشن کو ڈس ایبل کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے ایپ کی سیٹنگز میں جاکر اسٹوریج اینڈ ڈیٹا پر جائیں اور وہاں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کے آپشن کا انتخاب کریں۔
اس سیکشن میں آپ موبائل ڈیٹا، وائی فائی یا رومنگ میں ڈاؤن لوڈ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
واٹس ایپ کالز سے موبائل ڈیٹا کے کم استعمال کو یقینی بنائیں
واٹس ایپ کالز اس پلیٹ فارم کا اہم فیچر ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ کمپنی نے موبائل ڈیٹا کی بچت کا بھی خیال رکھا ہے۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں اسٹوریج اینڈ ڈیٹا پر جاکر Use less data for calls کے آپشن کو ان ایبل کردیں۔
واٹس ایپ ڈیٹا کی تفصیلات جانیں
واٹس ایپ میں ڈیٹا بریک ڈاؤن ٹریکر بھی موجود ہے جس سے آپ جان سکتے ہیں کہ گوگل ڈرائیو، رومنگ، واٹس ایپ کالز، اسٹیٹس اپ ڈیٹس، میسجز، میڈیا اور دیگر میں کس حد تک ڈیٹا آپ بھیج یا موصول کرچکے ہیں۔
اس کے لیے سیٹنگز میں اسٹوریج اینڈ ڈیٹا میں نیٹ ورک یوزایج میں جائیں۔
کانٹیکٹس اسٹوریج کے بارے میں جانیں
سیٹنگز میں اسٹوریج اینڈ ڈیٹا اور پھر مینیج اسٹوریج میں جائیں، جہاں آپ مختلف اعدادوشمار دیکھ سکتے ہیں۔
اس فیچر سے آپ کو علم ہوگا کہ کسی کانٹیکٹ یا گروپ سے آپ کی ڈیوائس کی اسٹوریج کتنی بھر رہی ہے، جن کانٹیکٹس یا گروپس کی جانب سے میڈیا فائلز کو زیادہ بھیجا جاتا ہے وہ فہرست میں اوپر موجود ہوں گے۔
اسی جگہ آپ اس ڈیٹا کو کلیئر بھی کرسکتے ہیں۔
اکاؤنٹ انفو کی درخواست
فیس بک کی طرح واٹس ایپ میں بھی اکاؤنٹ کی کچھ تفصیلات کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اس کے لیے سیٹنگز میں اکاؤنٹ اور پھر ریکوئسٹ اکاؤنٹ انفو میں جائیں اور ریکوئسٹ رپورٹ پر کلک کریں۔
یہ رپورٹ آپ تک پہنچنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
ٹائپ کیے بغیر دوستوں کو میسج بھیجنا
اس مقصد کے لیے اینڈرائیڈ فون کے ہوم بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں یا بس Hey Google کہیں، جس سے فون میں یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ متحرک ہوجائے گا۔
پھر سینڈ اے واٹس ایپ میسج ٹو (کانٹیکٹ کا نام) کہیں۔
اس کے بعد گوگل اسسٹنٹ کی جانب سے میسج کے بارے کہا جائے تو اپنے میسج کو ریکارڈ کرادیں، مگر بولنے کے دوران زیادہ دیر تک چپ رہنے سے گریز کریں۔
جب میسج مکمل ہوجائے گا تو گوگل اسسٹنٹ اسے سینڈ کردے گا اور کنفرمیشن اسکرین نظر آئے گی۔
ٹیکسٹ کے ساتھ ساتھ آپ اس طریقے سے آڈیو میسج بھی بھیج سکتے ہیں جس کے لیے گوگل اسسٹنٹ اوپن کرکے سینڈ اے واٹس ایپ آڈیو میسج ٹو (کانٹیکٹ کا نام) بولنا ہوگا اور پھر جو بولیں گے وہ آڈیو میسج کے طور پر سینڈ ہوگا۔
چیٹ لاگ خود کو ای میل کریں
واٹس ایپ کی جانب سے چیٹ ہسٹری کو کلاؤڈ پر محفوظ کرنے کا آپشن دیا گیا ہے مگر آپ مخصوص چیٹ لاگ بھی ای میل کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں چیٹس پر کلک کرکے چیٹ ہسٹری کے آپشن میں جائیں اور وہاں ایکسپورٹ چیٹ پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد چیٹ مینیو نمودار ہوگا جہاں آپ کسی کانٹیکٹ یا گروپ کی چیٹ ہسٹری کا انتخاب کرنے کے بعد اسے ای میل کرسکتے ہیں۔
ٹو اسٹیپ ویریفیکیشن
ویسے تو واٹس ایپ کی جانب سے ڈیوائس کو تبدیل کرنے پر ایک بار فون نمبر مانگا جاتا ہے تاکہ پن نمبر فراہم کیا جاسکے، مگر ٹو اسٹیپ verification کو ان ایبل کرکے آپ اپنے اکاؤنٹ تک دیگر افراد کی رسائی کو روک سکتے ہیں، چاہے کسی کے پاس آپ کا سم کارڈ ہی کیوں نہ ہو۔
اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے لیے سیٹنگز میں اکاؤنٹس میں جاکر ٹو اسٹیپ verification پر کلک کریں، جہاں 6 ہندسوں کا پن کوڈ بنایا جاسکتا ہے جبکہ ای میل ایڈریس کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
واٹس ایپ کانٹیکٹ کو فون کی ہوم اسکرین پر ایڈ کریں
واٹس ایپ کی جانب سے فون کی ہوم اسکرین پر کانٹیکٹس کو ایڈ کرنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے، جو ان افراد کے لیے بہترین ہے جو مخصوص دوستوں سے زیادہ رابطہ کرتے ہیں۔
اس کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ میں اپنی مطلوبہ چیٹ کو اوپن کرنے کے بعد اوپر تھری ڈاٹ مینیو میں جاکر More پر کلک کرکے ایڈ شارٹ کٹ کا انتخاب کریں۔
اس کے بعد ایڈ automatically پر کلک کریں اور بس۔
ریڈ ریسیپٹس ڈس ایبل کریں
اگر آپ میسج دیکھنے کے بعد نظر آنے والے بلیو ٹک کو غائب کرنا چاہتے ہیں تو سیٹنگز میں اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی میں جائیں اور وہاں ریڈ ریسیپٹس کے باکس پر موجود چیک کو ختم کردیں۔
یہ یاد رکھیں ایسا کرنے کے بعد آپ جب میسج پڑھیں گے تو دیگر کو علم نہیں ہوگا، مگر آپ کے لیے بھی یہ جاننا ممکن نہیں ہوگا کہ آپ کے دوست نے کب آپ کے میسج کو پڑھا۔
گروپ میں آپ کا میسج کتنے افراد نے پڑھا
اس کے لیے اپنے میسج کو سلیکٹ کریں اور پھر اوپر تھری ڈاٹ مینیو میں انفو پر کلک کریں۔
وہاں آپ دیکھ سکیں گے کہ گروپ میں شامل کتنے اراکین نے آپ کے میسج کو پڑھا اور یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ وہ میسج کس وقت ان کی ڈیوائسز تک پہنچا۔
البتہ کسی نے ریڈ ریسیپٹس کو ڈس ایبل کررکھا ہوگا یا آپ کو بلاک کیا ہوا ہوگا تو اس کا نام نظر نہیں آئے گا۔
لاسٹ سین فیچر کو بدلنا ممکن
واٹس ایپ کا ایک اہم فنکشن لاسٹ سین ہے جو بتاتا ہے کہ صارف نے آخری مرتبہ واٹس ایپ کب استعمال کیا تھا۔
اس فیچر میں تبدیلی کے لیے سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹ کے آپشن میں پرائیویسی پر کلک کرنا ہوگا۔
وہاں آپ کے سامنے 4 آپشن ایوری ون، مائی کانٹیکٹس، نو باڈی اور My contacts except آئیں گے۔
My contacts except پر کلک کرکے آپ اپنے لاسٹ سین کو مخصوص افراد تک محدود رکھ سکتے ہیں۔
مگر یہ خیال رہے کہ جن افراد کو آپ لاسٹ سین دیکھنے سے روکیں گے، آپ بھی ان کے لاسٹ سین اسٹیٹس کو دیکھ نہیں سکیں گے، بالکل ریڈ رسیپٹس کی طرح۔
لائیو لوکیشن ٹریکنگ کو کیسے استعمال کریں؟
واٹس ایپ میں لوکیشن پن کو بھیجنا کافی آسان ہے، اس کے لیے جہاں میسج تحریر کرتے ہیں اس کے برابر میں موجود پیپر کلپ کے آئیکون پر کلک کرکے لوکیشن کے آپشن کا انتخاب کریں۔
تاہم اگر آپ چاہتے ہیں کہ مخصوص دوست یا گھروالے آپ کی نقل و حرکت کو رئیل ٹائم میں ٹریک کرسکیں تو اس کے لیے پیپر کلپ آئیکون پر کلک کرکے لوکیشن اور پھر شیئر لائیو لوکیشن پر جائیں۔
آپ 15 منٹ سے 8 گھنٹے کے وقت کا تعین بھی کرسکتے ہیں جس کے دوران یہ ٹریکنگ کی جاسکے گی اور ہاں اسی طرح ٹریکنگ لوکیشن کو روکا بھی جاسکتا ہے۔
کسی کانٹیکٹ کے لیے کاسٹیوم نوٹیفکیشن کا آپشن کیسے استعمال کریں؟
واٹس ایپ میں ہر فرد کے اکاؤنٹ میں متعدد کانٹیکٹس ایڈ ہوتے ہیں، تو کئی بار میسج الرٹس کی بھرمار ذہن کو گھما دیتی ہے۔
اس کا حل تو نوٹیفکیشن الرٹ کو ہی بند کردینا ہے مگر ایک اور طریقہ بھی کاسٹیوم نوٹیفکیشنز کی شکل میں موجود ہے۔
اس کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ چیٹ کو اوپن کرکے اوپر کانٹیکٹ کے نام پر کلک کریں اور پھر کاسٹیوم نوٹیفکیشن کا انتخاب کریں۔
اس مینیو میں آپ اس کانٹیکٹ کے لیے میسج ٹون کو بدل سکتے ہیں، اس کانٹیکٹ کے لیے ایل ای ڈی نوٹیفکیشن کلر کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں یا دیگر آپشن بھی منتخب کرسکتے ہیں۔
کانٹیکٹس یا گروپس کو میوٹ کریں
اگر آپ کسی گروپ یا کانٹیکٹ کے میسجز سے تنگ آچکے ہیں مگر اسے بلاک کرنا نہیں چاہتے تو میوٹ کا آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کی ہوم فیڈ پر مطلوبہ کانٹیکٹ یا گروپ کے نام کو کچھ دیر دبا کر رکھیں جس کے بعد اوپر میوٹ آئیکون (ایک اسپیکر جس پر ایک لکیر بنی ہوگی) نظر آئے گا، اس پر کلک کرکے آپ اس کانٹیکٹ یا گروپ کو 8 گھنٹے، ایک ہفتے یا ہمیشہ کے لیے میوٹ کرسکتے ہیں۔
Views= (1213)
Join on Whatsapp 1 2