علی زیدی کی پی ٹی آئی چھوڑنے کی تردید ؛ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں :عباد فاروق

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے تحریک انصاف چھوڑنے کی تردید کردی۔
علی زیدی کراچی میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان زندہ ہے تحریک انصاف چھوڑنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ، تحریک انصاف چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ فوج ہماری ہے اور ہم فوج کے ہیں ، پر تشدد مظاہرے کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ، پرتشدد مظاہرے کسی صورت قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج سب کا آئینی حق ہے ، اختلاف سب میں ہوسکتا ہے، یادگار شہدا کو جلانے پر میرے دل کو تکلیف ہوئی ، 9 مئی کے واقعات، سرکاری املاک کو جلانے کی مذمت کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی کے رہنما عباد فاروق نے اپنے ویڈیو پیغام کے برعکس عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کردیا۔ ویڈیو
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پی پی 149 سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق سمیت دیگر کارکنوں کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس کی گاڑی سے بیان دیتے ہوئے عباد فاروق نے عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔
عباد فاروق کا کہنا تھا کہ میرے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں۔ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا اور پھر مختلف جگہوں پر رکھا گیا۔
قبل ازیں عباد فاروق کا ویڈیو بیان سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملے کا ذمے دار پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور محمود الرشید کو قرار دیا تھا۔
اپنے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی رہنما اور لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف کا ٹکٹ بھی واپس کررہا ہوں۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر لیڈر شپ نے فون کرکے بلوایا اور لبرٹی مارکیٹ بلوا کرکہا گیا کہ کور کمانڈر ہاؤس جاکر آگ لگانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس میں جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ہوا۔ میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ واپس کرتا ہوں۔ انہوں نے ویڈیو بیان میں مزید کہا تھا کہ میں اسی حلقے سے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لوں گا۔

Views= (177)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین