ڈاکوؤں نے دودھ فروش کو گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار اور شہری کو بے رحمی سے گولی مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی شہر لٹیروں کی جنت بن چکا ہے، اسٹریٹ کریمنلز اطمینان سے وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، اور فوٹیجز ہونے کے باوجود کراچی پولیس جرائم پیشہ افراد اور وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔
تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 12 مئی کو دودھ کے تاجر کو تعاقب کے بعد گولی مار کر 7 لاکھ روپے چھینے کی واردات کی گئی تھی، جس کی ایف آئی آر تیرہ مئی کو درج کی گئی۔
مقدمے کے مطابق دودھ کا تاجر موٹر سائیکل پر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے رقم کی ریکوری کے لیے نکلا تھا، جب وہ لیاقت آباد پہنچا تو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا، جس پر لٹیروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔
ایف آئی آر کے مطابق چلائی گئی گولی پہلے تاجر کی ٹانگ پر لگی اور پھر موٹر سائیکل کے ٹائر پر جا لگی، گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، لیکن اسی حالت میں وہ موٹر سائیکل بھگاتا رہا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ جب وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پہنچا تو سڑک پر گڑھے کے باعث اس کی موٹر سائیکل گر پڑی، اور وہ بھی گر گیا، اس دوران لٹیرے بھی پستول ہاتھ میں لیے پہنچ گئے۔
ڈاکوؤں نے بائیک میں موجود 7 لاکھ روپے لیے، اور پھر ایک لٹیرے نے تاجر سے بھی اس کا موبائل فون چھین لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Views= (972)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین