جی ایچ کیو حملے میں ملوث خواتین سمیت شرپسندوں کی شناخت ہوگئی

رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ، بیٹا گرفتار

جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے میں ملوث شر پسندوں کی بھی شناخت ہو گئی جبکہ رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ، بیٹے کو گرفتارکرلیا گیا ہے
9 مئی کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کئے گئے، اس دوران سرکاری املاک بالخصوص فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جب کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ اب تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت حماد خان، افشاں کامران، فاطمہ احسان، شبانہ فیاض، عابد ملک،عاصم خورشید، زاہد علی شاہ، کاشف خان، منیزا احمد، جہانگیر احمد، محمدعثمان، ابوبکر، پیرزادہ شہباز ناصر اور انصر جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے املاک کو نقصان پہنچانے اور فساد کرنے والوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کردیا ہے اور چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتار کیلئے سرگرم ہیں۔
دوسری جانب مشتعل افراد کی جانب سے پنجاب میں توڑپھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3185 تک پہنچ گئی ہے۔
راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد راولپنڈی میں پاکستان آرمی کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کے گیٹ پر حملے میں ملوث 76 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
اتوار کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ اب تک شہر میں توڑ پھوڑ کرنے والے 264 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 17 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’مقدمہ نمبر 708 آر اے بازار جی ایچ کیو کیس میں 76 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ سی سی ٹی وی اور تفتیش کے ذریعے تمام افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی پی او نے کہا کہ ’میٹرو سٹیشن کو جلانے سے 80 کروڑ کا نقصان ہوا، اس کیس میں 27 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جو کوئی بھی گھناؤنے جرم میں شامل ہے ان کے خلاف مکمل تفتیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔
دریں اثناءکراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ، بیٹے کو گرفتارکرلیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا دونوں ملزمان باپ بیٹا ہیں جبکہ گرفتارملزم عبدالحمید نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 9 مئی کو شاہراہ فیصل پر رینجرز چوکی کو آگ لگانے کے بعد ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

Views= (868)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین