’ایک ٹانگ پر کھڑے رہنا‘ آپ کی صحت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟

ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر آپ 10 سیکنڈ تک ایک ٹانگ پر کھڑے نہیں ہوسکتے تو آپ کو صحت کے مسائل ہوسکتے ہیں۔
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ہمارے جسم میں توازن کم ہوتا جاتا ہے، 50 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے جسم میں توازن رکھنا کچھ حد تک مشکل ہوجاتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جب جسم میں توازن برقرار نہیں رہتا تو خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
محققین کہتے ہیں کہ 10 سیکنڈ تک ایک ٹانگ پر کھڑے نہ ہونے سے اگلے 10 سالوں میں موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
نیویارک یونیورسٹی کے شعبہ فزیکل تھراپی میں ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر انات لوبٹزکی نے بتایا کہ جب ہم اپنے صحت سے متعلق ٹیسٹ کروا رہے ہوتے ہیں تو جسم میں توازن کا ٹیسٹ بھی شامل کرنا چاہیے’۔
تحقیق سے متعلق تفصیلات
حالیہ تحقیق میں ایک ہزار 702 افراد شامل تھے، جن کی عمر 51 سے 75 سال تھیں، ان لوگوں میں تقریباً دو تہائی مرد تھے۔
محققین نے لوگوں کو ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کی ہدایت کی، چہرہ اور بازو سیدھے رکھنے کا کہا۔
اگر کوئی ایک ٹانگ پر کھڑا نہیں ہوپارہا تو اسے 3 بار کوشش کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ تقریباً 20 فیصد لوگ ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ تک کھڑے ہونے سے قاصر تھے۔
نتائج میں بتایا گیا کہ 51 اور 55 سال کی عمر کے درمیان 5 فیصد لوگوں ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے میں ناکام رہے۔
اس کےعلاوہ 56 اور 60 سال کی عمر کے درمیان 8 فیصد لوگ، 61 اور 65 سال کے درمیان 18 فیصد لوگ، 66 سے 70 سال کی عمر کے تقریباً 37 فیصد اور 71 اور 75 سال کی عمر کے درمیان 54 فیصد لوگ ایک ٹانگ پر کھڑے نہیں ہوسکے۔
پروفیسر انات لوبٹزکی کہتے ہیں کہ عام طور پر 50 سال کی عمر کے لوگوں کو تقریباً 40 سیکنڈ تک ایک ٹانگ پر کھڑے ہونا چاہیے، 60 سال کی عمر کے لوگوں کو 20 سیکنڈ اور 70 سال کی عمر کے لوگوں کو 10 سیکنڈ تک ایک ٹانگ پر کھڑے ہونا چاہیے۔
ایک ٹانگ پر کھڑے نہ ہونے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں اعصابی بیماری، آرتھوپیڈک مسائل، بصارت کے مسائل، بیٹھنے کا طریقہ دیگر صحت کے مسائل شامل ہیں، اگر ایک ٹانگ پر توازن رکھنا مشکل ہو تو یہ آپ کی صحت کے حوالے سے اشارہ دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ایک ٹانگ پر کھڑے نہیں ہوپائے، ان میں سے زیادہ تر لوگوں کا وزن زیادہ تھا، دل کی بیماری اور ہائی بلڈ پریشر کے شکار تھے۔
توازن برقرار نہ رکھنے کی کیا وجہ ہے؟
کیلی فورنیا میں پروویڈنس سینٹ جان ہیلتھ سینٹر کے نیورولوجسٹ ڈاکٹر کلفورڈ سیگل کہتے ہیں کہ ریڑھ کی ہڈی میں مسائل ہونے کی وجہ سے توازن متاثر ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ کان کے اندرونی مسائل مثال کے طور پر چکر آنا جیسے مسائل کی وجہ سے بھی توازن برقرار رکھنے میں ناکامی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
حالیہ تحقیق صرف مشاہدے پر مبنی تھی لہذا سائنسدان توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ اور اس کے اثرات پر ابھی مزید تحقیق کررہے ہیں۔

Views= (508)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین