طلبہ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کیسے تقسیم کیے جائیں گے؟

وزیراعظم شہباز شریف نے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے بدھ کو کہا تھا کہ ’وزیراعظم سکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ دیں گے۔‘
گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے معاون خصوصی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلی ہدایت لیپ ٹاپ پروگرام کو دوبارہ سے بحال کرنے کی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لیپ ٹاپ سکیم کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا، دوبارہ وہیں سے شروع کر رہے ہیں تاکہ اپنے نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔‘
اس حوالے سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’بالکل لیپ ٹاپ سکیم کا دوبارہ سے اجرا کیا جا رہا ہے۔ ہمارا جو ٹینڈر ہوا تھا، اب ہم ان کی فراہمی (پروکیورمنٹ) کے مرحلے میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جیسے ہم نے 2013 سے 2018 تک ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے تھے، بالکل اسی طرح رواں برس بھی لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔‘
’پورے پاکستان میں جتنی بھی فیڈرل چارٹرڈ سرکاری یونیورسٹیز ہیں، چاروں صوبوں، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں، ان کے طلبہ کو ہم میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیں گے۔‘
لیپ ٹاپس کی تقسیم کیسے ہو گی؟
شزہ فاطمہ خواجہ نے مزید بتایا کہ ’ہر یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد کے حساب سے ان کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے بعد پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی آن لائن پورٹل پر طلبہ اپلائی کریں گے۔‘
’اس حوالے سے میرٹ لسٹ ڈبل چیک ہو گی۔ ایک تو ڈیجیٹلی جو بچوں کی درخواستیں ہیں۔ پورٹل سے جو آٹومیٹڈ میرٹ لسٹ نکلے گی وہ پبلک کی جائے گی۔ اس کے بعد حلف نامے کے ساتھ متعلقہ وائس چانسلر سے میرٹ لسٹ منگوائی جائے گی۔‘
’دونوں طرح کی میرٹ لسٹوں کے موازنے کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ اس کے بعد تمام فہرستوں کو جاری کیا جائے گا، وقت دیا جائے گا تاکہ بچے دیکھ لیں کہ آیا وہ ان لسٹوں سے مطمئن ہیں۔ اس کے بعد ان کی یونیورسٹیوں میں یہ لیپ ٹاپس بھجوا کر تقسیم کیے جائیں گے۔‘
بلوچستان کے لیے اضافی 14 ہزار لیپ ٹاپ
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے بتایا کہ ’رواں سال جو خاص بات ہے وہ یہ ہے کہ ہم نے بلوچستان کے لیے اضافی کوٹہ رکھا ہے۔ بلوچستان کے لیے 14 ہزار لیپ ٹاپس کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔‘

Views= (1004)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین