سگریٹ کیلئے لمبے وقفے لینے والے ملازم کو 31 لاکھ روپے جرمانہ

14 سالہ ڈیوٹی میں4500سے زیادہ مرتبہ سگریٹ نوشی کی

اوساکا : جاپان میں ایک کمپنی ملازم پر کام کے اوقات میں سگریٹ پینے کے الزام میں لاکھوں روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
مذکورہ 61 سالہ ملازم پر 14 سالہ ڈیوٹی میں4 ہزار 500سے زیادہ مرتبہ سگریٹ نوشی کا الزام ہے، اسے کام کے اوقات میں سگریٹ پینے پر تقریباً 11000 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے جو تقریباً 31 لاکھ روپے بنتی ہے، اسی جرم میں ادارے کے دیگر دو ملازمین کو بھی سزا دی گئی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اوساکا کے حکام نے اس شخص کو متعدد بار خبردار بھی کیا لیکن وہ سگریٹ پینے سے باز نہ آیا۔
خبر کے مطابق ادارے کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے اطلاع ملنے پر استعمال شدہ سگریٹوں کے فلٹرز کا ایک خفیہ ذخیرہ دریافت کیا جس کے ذمہ دار مذکورہ ملازم اور دیگر دو ملازمین ہیں۔
اس شخص کے سپروائزر نے اسے اور دیگر ملازمین کو دفتر میں دوبارہ سگریٹ نوشی کے سنگین نتائج سے خبردار کیا، تاہم انتباہ کے باوجود تینوں افراد نے سگریٹ نوشی کی عادت ترک نہیں کی۔
اس شخص کی تنخواہ میں کٹوتی کے علاوہ اسے 1.44 ملین ین (تقریباً 11 ہزار ڈالر) کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اس شخص نے ڈیوٹی پر355 گھنٹے اور 19 منٹ سگریٹ نوشی کی۔
واضح رہے کہ اوساکا میں تمباکو نوشی کے سخت ترین قوانین ہیں۔ اس شہر میں 2008 میں دفاتر اور عوامی مقامات سمیت سرکاری احاطے میں سگریٹ پینے پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی اور 2019میں سرکاری ملازمین پر کام کے اوقات میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

Views= (671)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین