انڈیا میں سکول کے نصاب کی کتاب میں بابر اعظم کی تصویر کیوں؟

انڈیا میں آٹھویں جماعت کی نصاب کی کتاب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تصویر شائع کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر انڈین صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی کتاب کے ایک صفحے کی تصویر میں بابر اعظم کے ساتھ دیگر کئی کرکٹرز بھی ہیں۔
آٹھویں جماعت کے طلبا کے نصاب میں شامل اس کتاب کے کھیل کے حصے میں کرکٹرز کا ذکر شامل کیا گیا ہے۔
اس صفحے پر دس بین الاقوامی کرکٹرز کی تصاویر ہیں۔
آغاز میں لکھا گیا ہے کہ کرکٹ انڈیا میں بہت مقبول کھیل ہے اور کرکٹرز مشہور شخصیات سمجھی جاتی ہیں۔ طلبا سے پوچھا گیا ہے کہ ذیل میں دی گئی تصاویر میں سے آپ کے پسندیدہ کرکٹر کا ’نک نیم‘ کیا ہے؟
ان کرکٹرز میں اے بی ڈیولیئرز، سچن تندولکر، کرس گیل، وراٹ کوہلی، یزوندرا چاہل، راوی چندرن اشون، روہت شرما، ایم ایس دھونی اور بابر اعظم کی تصاویر کے ساتھ اُن کے ’نک نیم‘ بغیر ترتیب کے لکھے گئے ہیں تاکہ طلبہ کا امتحان لیا جا سکے۔
کرکٹرز کے ’نک نیم‘ میں ’گاڈ آف کرکٹ‘، ’رن مشین‘، ’ہٹ مین‘، ’ایش‘، ’بوبی‘، ’گبر‘، ’یونیورس باس‘، ’مسٹر 360‘،’یوزی‘ اور ’کیپٹین کول‘ شامل ہیں۔ قبل ازیں بابر اعظم کی کور ڈرائیو کا ذکر بھی سوشل میڈیا کی زینت بنا تھا۔
’پاکستان میں فزکس پڑھنے والے طلبہ کے لیے بابراعظم کی کور ڈرائیو‘ کا ذکر اس وقت شروع ہوا تھا جب سوشل نیوز ایگریگیٹر، کنٹینٹ ریٹنگ اور تبادلہ خیال کے امریکی پلیٹ فارم ریڈڈٹ پر درسی کتاب کا ایک سکرین شاٹ پوسٹ کیا گیا۔
کرکٹ کے سب ریڈڈٹ میں پوسٹ کیے گئے سکرین شاٹ کے ساتھ لکھا گیا کہ ’بابراعظم پاکستان میں فیڈرل بورڈ کی نویں جماعت کے سلیبس میں شامل‘۔
سکرین شاٹ میں ’کینیٹک انرجی‘ سے متعلق مثال میں پوچھا گیا ہے کہ ’بابر اعظم 150 j کی قوت سے کور ڈرائیو کھیلیں اور گیند کا وزن 120 گرام ہو تو یہ کس رفتار سے باؤنڈری پر پہنچے گی؟‘
مثال کے دوسرے حصے میں لکھا گیا ہے کہ ’ایک فٹبالر 450 گرام کی فٹبال کو کس قوت سے کک کرے کہ وہ اس رفتار کو پہنچ سکے۔‘

Views= (583)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین