موبائل فون کی دوری سے مرتب ہونے والے حیرت انگیز اثر کا انکشاف

موبائل فون اب ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں اور وائی فائی انٹرنیٹ کی وجہ سے وہ پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا کام کرنے لگے ہیں۔
مگر موبائل فون نظروں سے دور ہو جائے تو پھر کتنے فیصد افراد بے چین یا بے قرار ہو جاتے ہیں؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر لگ بھگ 90 فیصد افراد موبائل فون سے دوری برداشت نہیں کرسکتے۔
یہ دلچسپ دعویٰ چین میں ہونے والے ایک سروے میں سامنے آیا۔
چائنا یوتھ ڈیلی سوشل سروے سینٹر اور Questionnaire نیٹ ورک کے اس سروے میں انکشاف کیا گیا کہ 89.2 فیصد افراد لاشعوری طور پر اپنے فون کو نظروں میں رکھتے ہیں۔
سروے میں مزید بتایا گیا کہ ان افراد کو فون اپنے قریب نظر نہ آئے تو وہ بے چینی محسوس کرنے لگتے ہیں یا فکر مند ہو جاتے ہیں۔
اسی طرح 64.9 فیصد افراد نے کہا کہ اگر فون ان سے دور ہو جائے تو ان کے لیے توجہ مرکوز کرنا ممکن نہیں رہتا۔
سروے کے مطابق 1980 اور 1990 کی دہائی کے دوران پیدا ہونے والے افراد موبائل فون پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں اور موبائل فون کے بغیر انہیں زندگی نامکمل محسوس ہوتی ہے۔
سروے میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ابتدا میں لوگ موبائل فون کو تناؤ میں کمی اور خوشی کو دریافت کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مگر وقت کے ساتھ وہ فونز کے ساتھ ایسے جڑ جاتے ہیں کہ اس ڈیوائس کی دوری ان سے برداشت نہیں ہوتی۔
سروے میں بتایا گیا کہ موبائل ڈیوائسز پر بہت زیادہ انحصار کرنا نفسیاتی مسائل کی وجہ سے بن سکتا ہے۔
ان مسائل میں توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات، خود اعتمادی میں کمی، ذہنی تشویش اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی نمایاں ہیں۔

Views= (426)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین