آخری گیند تک لڑوں گا، معاشی ترقی کےلیے 10 نکاتی ایجنڈے کا اعلان: عمران خان

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینروں کی بہار

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پھر کہا ہے کہ ’ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی۔ بڑے ’جرائم پیشہ‘ لوگوں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ ہمیں اپنے ملک کو اس دلدل سے نکالنا ہے‘۔
عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسٹیشلشمنٹ نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ ہم نے عمران خان کو جیتنے نہیں دینا اور اقتدار میں نہیں آنے دینا، اقتدار میں نہ آنے دیں لیکن یہ بتائیں کیا آپ کے پاس ملک کو اس تباہی سے نکالنے کا کوئی پروگرام ہے، کیا کوئی روڈ میپ ہے لیکن مجھے پتہ ہے ان کے پاس کوئی روڈمیپ نہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’آخری گیند تک اپنے ملک کے لیے لڑوں گا۔ انہوں نے ملک کی معاشی ترقی کے لیے دس نکاتی ایجنڈے کا بھی اعلان کیا۔
ہفتے کی شب مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آج جو بھی پاور میں بیٹھے ہیں انہیں ایک پیغام جانا چاہیے کہ لوگوں کا جنون رکاوٹوں سے نہیں رک سکتا، کنٹینر نہیں روک سکتے‘۔
عمران خان نے دعوی کیا کہ ’ جلسہ ناکام بنانے کےلیے دو ہزار کارکنوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ تمام راستوں پر کنٹینر رکھ دیے گئے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ جب ایک ملک معاشی طور پر گرتا ہے تو اس کی نیشنل سیکیورٹی متاثر ہوتی ہے۔ سوویت یونین جب معاشی طور پر گرا تو وہ ٹوٹ گیا۔ ہم بھی وہاں کھڑے ہیں‘۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’ملک تیزی سے تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ اگراس دلدل سے نکلنے کے لیے شفاف الیکشن کے سوا کوئی اور پروگرام ہے تو بتا د یں‘۔
’اس وقت جو صاحب اقتدار ہیں، ان کا ایک ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو اقتدار سے کیسے باہر رکھنا ہے‘۔
انہوں نے سوال کیا کہ ’مجھے کوئی بتا دے کہ الیکشن ملتوی کرنے سے ملک ٹھیک ہو جائے گا؟‘۔
’ملک کا تو دیوالیہ نکلا ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن بتائے کہ اکتوبر میں کدھر سے پیسے آئیں گے؟ اس کا مطلب الیکشن ہو نگے ہی نہیں؟ان کی کوشش ہے کہ الیکشن سے بھاگو، اگر آئین توڑنا پڑتا ہے تو توڑو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ ہم ایک قوم بن کر پاکستان کو اس دلدل سے نکالیں گے، یہ چیلنج ایک قوم بن کر جیت سکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’26 مارچ کو ورلڈ کپ جیتا تھا۔ سب کا خیال تھا کہ ہم نہیں جیت سکتے۔ ایک آدمی تھا جو کہتا تھا ہم جیتیں گے۔ آج بھی آخری گیند تک اپنے ملک لیے لڑوں گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ عدلیہ کو پیغام دینا چاہتے ہیں، قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے‘۔
عمران خان کا دس نکاتی معاشی ایجنڈا
چیئرمین تحریک انصاف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت ان کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’ ہمارے دو مسئلے ہیں ، ٹیکس کلیکشن کم ہے جبکہ قرضے بہت زیادہ ہیں۔ ہمیں قرضوں سے ملک چلانا پڑتا ہے جو ڈالر ملک میں آتے ہیں اس سے کہیں زیادہ باہر جاتے ہیں‘۔
’ہمیں سب سے پہلے گورننس سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، رول آف لا لانا ہوگا۔ اگر ہم اپنے سسٹم میں کو ٹھیک کرلیں اور اعتماد لے آئیں تو بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاری کریں گے، اس سے ڈالر آئیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکہ میں 18 ہزار پاکستانی ڈاکٹر ہیں، ان کی دولت 200 ارب ڈالر ہے اور ہم آئی ایم ایف سے محض چھ ارب ڈالر مانگ رہے ہیں۔ دس پاکستانی بزنس مینوں کے پاس 25 ارب ڈالر کی مالیت ہے‘۔
انہوں نے بلومبرگ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دبئی میں چند برسوں میں پاکستانیوں نے 10.4 ارب ڈالر کی پراپرٹی لی ہے۔ پاکستانی امیر ہیں جبکہ ملک غریب ہے‘۔
عمران خان نے کہا کہ ’برآمدات بڑھانے کے لیے ایکسپورٹر کو وی آئی پی بنانا ہو گا۔ سیاحت اور معدنیات پر بھی توجہ دیں گے۔ سمال اور میڈیم انڈسٹری بڑھانے پر کام کریں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہم نے زراعی پیداوار بڑھانی ہے۔ ہم نے چین سے بات کر لی تھی، اس کا منصوبہ بنا ہوا ہے۔‘
پی آئی اے، ریلوے میں اصلاحات کرنی ہیں۔ ’ہم نے ٹیکس زیادہ اکھٹا کرنا ہے۔ نادرا کے ساتھ مل کر ہم نے چار کروڑ ٹیکس دینے والوں کی شناخت کی جو پیسے نہیں دیتے۔ منی لانڈرنگ کو روکنا ہے‘۔
’ہم نے ضرورت مند افراد کا ڈیٹا بیس بنایا ہے، ان کو ہم براہ راست پیسہ دیں گے۔’نوجوانوں کو کاروبار کے لیے سود کے بغیر قرضے دیں گے، گھر بنانے کے لیےسستے سود پر قرضے پھر سے شروع کریں گے۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔
حسان خاور نے رکاوٹوں کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مینار پاکستان کے اردگرد کنٹینروں کا حصار ملاحظہ کریں۔ خان سے پوری حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔‘

اس حوالے پنجاب کی نگران حکومت کے وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ سکیورٹی تھریڈ کی وجہ سے کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

Views= (455)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین