اس شخص نے 3 سال میں 165 کلوگرام جسمانی وزن کیسے کم کیا؟

امریکا سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شخص نے 3 سال کے دوران 165 کلوگرام سے زیادہ جسمانی وزن کم کیا۔
امریکی ریاست مسیسپی سے تعلق رکھنے والے نکولس کرافٹ کا جسمانی وزن زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے اور ڈپریشن کے دوران ضرورت سے زیادہ کھانے کے نتیجے میں 295 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا۔
ڈاکٹروں کی جانب سے نکولس کرافٹ کو خبردار کیا گیا تھا کہ موٹاپے کی وجہ سے موت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران نکولس کرافٹ نے جسمانی وزن میں کمی کا راز بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی وہ موٹاپے سے متاثر تھے اور اسکول کے زمانے میں ان کا وزن 136 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا۔
2019 میں ان کا وزن 295 کلوگرام ہوگیا تھا اور چلنا پھرنا مشکل ہوگیا تھا جبکہ گاڑی کے اندر بیٹھنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔
موٹاپے کی وجہ سے گھٹنوں میں تکلیف اور سانس پھولنے کے مسائل بھی زندگی کو متاثر کرنے لگے تھے۔
نکولس کرافٹ نے بتایا کہ 2019 کے بعد انہوں نے جسمانی وزن میں کمی لانے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے کسی خصوصی ڈائٹ یا ادویات کا استعمال نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے انہوں نے اپنی غذائی عادات کو تبدیل کیا اور جنک فوڈ سے دوری اختیار کرلی۔
اس کے ساتھ ساتھ سافٹ ڈرنکس، تلی ہوئی غذاؤں، پاستا، سفید چاول اور دیگر کاربوہائیڈریٹس والی غذاؤں کا استعمال بھی چھوڑ دیا اور ان کی جگہ پھلوں، سبزیوں اور پروٹین والی غذاؤں کو دی۔
غذائی عادات میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ نکولس کرافٹ نے ڈمبلز سے جسم کو مضبوط بنانے والی ورزشیں بھی شروع کیں۔
3 سال کی کوششوں سے وہ اپنے جسمانی وزن میں 165 کلوگرام کمی لانے میں کامیاب ہوگئے مگر وہ اسے مزید کم کرنا چاہتے ہیں۔
نکولس کرافٹ کا کہنا تھا کہ اب انہیں جنک فوڈ کھانے کی خواہش نہیں ہوتی اور وہ غذا کے لیے اپنی اشتہا کو کنٹرول کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔

Views= (1294)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین