آئی ایم ایف سے نویں جائزہ مذاکرات ناکام، سٹاف لیول کا معاہدہ طے نہ پا سکا

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان نویں جائزے کے مذاکرات ختم ہو گئے ہیں جس میں سٹاف لیول کا معاہدہ طے نہ پا سکا۔ وفاقی سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے جمعرات کی رات میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ’ٓآئی ایم ایف نے پاکستان کو جلد سٹاف لیول کا معاہدہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘ واضح رہے کہ جمعرات ہی کو وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا تھا کہ ’وہ آج اچھی خبر دیں گے، آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات آن ٹریک ہیں، ہمارا ان سے کوئی اختلاف نہیں۔‘ پاکستان کے مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ’پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا ہے اور اس کی تفصیلات سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیوز کانفرنس میں آگاہ کریں گے۔‘ یاد رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط، ترسیلاتِ زر میں کمی اور تیزی سے کم ہوتے ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی روپے پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر ایک بار پھر وار کرتے ہوئے ن لیگ پر طنز کیا کہ مجھے نکال دیتے لیکن کوئی اکانومسٹ ٹائپ کا بندہ ہی لے آتے۔ مفتاح اسماعیل نے نجی چینل کے ایک انٹرویو میں کہاکہ مسلم لیگ ن میں احسن اقبال جیسے قابل لوگ بھی ہیں انہیں لے آتے، ڈار صاحب کی سوچ ہی الٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اپنی انا کے چکر میں آپ لوگوں کی فیکٹریاں بند کر وا دیں۔

Views= (262)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین