پی ٹی آئی کا جلسہ: اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند، جلسہ گاہ سے بارودی مواد برآمد

کون سے راستے کھلے ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں جلسہ کرنے جارہی ہے، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، شہر کے بیشتر داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے جبکہ میٹرو بس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر ، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد ہوا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر ، ڈیٹونیٹر اور ہم برآمد ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا تاہم جلسہ گاہ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ کارکن ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔
سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کے 41 شرائط پر مشتمل این او سی کے مطابق جلسے کا آغاز 4 بجے اور اختتام شام 7 بجے تک ہوگا، اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم سمیت جلسہ گاہ میں دیگر تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں، ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی۔

جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔
اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے جس کے باعث اسلام آباد سے روات جانے والی ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک جام ہوگئی جبکہ روات کی جانب سے اسلام آباد جانے والی ایکسپریس وے مکمل بند کردی گئی۔
ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دیگر شہروں سے آنے والے کارکنان موٹروے کے ذریعے آئیں گے۔
اس کے علاوہ مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند بھی کر دیے گئے۔
کون سے راستے کھلے ہیں؟
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول پنڈی اسلام آباد کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہیں، شہریوں کو نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پیرودھائی سے گولڑہ موڑ اسلام آباد کا راستہ بھی کھلا ہے جب کہ ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی۔

Views= (319)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین