‏رانا ثناء اللہ کی ’دھمکی‘ کے خلاف عمران خان کی درخواست دائر

عمران خان کے آفیشل فوٹو گرافر سمیت دیگر کارکنان گرفتار

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بیان سے متعلق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔
درخواست میں وفاق، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشن کو فریق بنایا گیا۔
عمران خان نے موقف دیا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے ایک انٹرویو میں ڈائریکٹ دھمکیاں دی ہیں، فریقین کو میری گرفتاری کر کے اپنے منصوبے پر عمل درآمد سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب عمران خان یا ہم میں سے کوئی ایک بچے گا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو وہاں لاکر کھڑا کردیا ہے کہ اب دونوں میں سے ایک کا وجود ہی باقی رہنا ہے، اس لیے جب ہم سمجھیں گے کہ ہمارے وجود کی نفی ہو رہی ہے تو ہم تو ہم ہر اس حد تک جائیں گے، جس میں یہ نہیں سوچا جاتا کہ یہ کام کریں یہ نہ کریں یہ جمہوری ہے، اور یہ غیرجمہوری ہے، یہ اصولی ہے اور یہ غیر اصولی، یہ چیزیں ختم ہوجاتی ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے آفیشل فوٹو گرافر نعمان جی کو اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق نعمان جی کے ہمراہ دیگر تین کارکنان کو بھی قیدیوں والی گاڑی میں منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل منگل تک عدالت کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے مقدمات کی تفصیل کل تک فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ روز منگل تک ملتوی کر دی۔

Views= (438)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین