سستے پھلوں کے سٹال پر دھاوا، ’جہالت میں ہم آگے لیکن نظم و ضبط میں پیچھے ہیں‘

پاکستان کے شہر کراچی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب ایک یوٹیوبر اور سماجی کارکن نے رمضان میں سستے پھلوں کا سٹال لگایا تھا جہاں ہونے والی ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کراچی کے علاقے جیل چورنگی کے پُل کے نیچے بنائے گئے ایک فروٹ سٹال کی ہیں جہاں ہر پھل 10 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں۔
اس سٹال کے مالک مصطفیٰ حنیف ہیں جو ترکیہ کے مشہور ڈرامے ’ارتغرل‘ کے مرکزی کردار سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شامیانے تلے لگے فروٹ سٹال پر لوگ ایک بڑی تعداد میں جمع ہیں اور وہاں رکھے پھل حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کو نہ صرف دھکے دے رہے ہیں بلکہ لڑ بھی رہے ہیں۔
کراچی کے صحافی فیض اللہ خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی میں سستے پھل کا سٹال لگانے والے نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟
جہالت میں ہم بہت آگے اور نظم و ضبط یں بہت پیچھے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ سلسلہ جاری رہا تو پھر کون کس کی مدد کرے گا؟‘
ویڈیو میں مصطفیٰ حنیف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جن کا کہنا ہے کہ ’بہت افسوس کی بات ہے کہ کراچی کی عوام نے آج سبسیڈائزڈ فروٹ کا یہ حال کیا ہے۔ عوام نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان میں کوئی نظم و ضبط نہیں ہے اور یہ اس لائق نہیں ہیں کہ یہاں کوئی بھی کام کیا جائے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے کافی لوگوں کو سمجھایا کہ دیکھیں ہم آپ ہی لوگوں کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔ لیکن یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ لوگوں نے ایک پھل کی تھیلی کے لیے ٹینٹ کو پھاڑنا ضروری سمجھا۔‘ سستے پھلوں کے سٹال پر ہونے والی ہنگامہ آرائی پر دیگر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
قسیم سعید نے لکھا کہ ’دس روپے کلو میں پھل فروخت کرنا مفت بانٹنے کے ہی مترادف ہے۔ اس معاشرے میں یہ بے وقوفی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’منافع خوروں کے مقابلے میں اصل قیمت پر پھل فروخت کردینا بھی بہت ہے۔ مفت مفت والی سکیمیں لوگوں کو مزید بھکاری بنا رہی ہیں۔‘
ٹوئٹر پر کراچی الرٹس نامی اکاؤنٹ کی جانب سے کراچی کے علاقے حسن سکوائر پر سستے پھلوں کے ایک اور سٹال کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہنگامی آرائی کرتی ہوئی نظر آئی۔


Views= (1413)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین