عمران خان کی بھانجی کا ’ڈائیلاگ‘ جو جمائما خان نے اپنی فلم میں شامل کیا

جب میرے والدین نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے (سب لڑکوں میں سے) کون سا (لڑکا) سب سے زیادہ پسند آیا ہے۔ تو میں نے کہا نہیں! آپ انتخاب کریں کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ اگر یہ فیصلہ غلط ثابت ہو تو میں کسی کو قصوروار ٹھہرا سکوں۔‘
جمائما خان کے مطابق یہ الفاظ اُن کے سابقہ شوہر (عمران خان) کی بھانجی نے اپنے والدین کو کہے تھے۔ تاہم اب یہی ڈائیلاگ جمائما کی نئی آنے والی فلم ’وٹس لوو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ میں آپ کو شبانہ اعظمی کے منھ سے سننے کو ملیں گے۔
یہ فلم جمائما خان نے لکھی اور پروڈیوس کی ہے۔
جمائما کے مطابق جب انھوں نے پہلی مرتبہ یہ الفاظ (ڈائیلاگ) سُنے تو یہ ناصرف انھیں دلچسپ لگے، وہ ان سے محظوظ ہوئیں بلکہ یہ ان کو یاد بھی رہے اور اب یہ اُن کی نئی فلم کا حصہ ہیں۔
اس فلم کی کہانی بنیادی طور پر برطانیہ کی کثیر الثقافتی کمیونٹی میں ارینج میریجز پر مبنی ہے۔ اس فلم میں پاکستانی کلچر کی بھی عکاسی ہے کیونکہ یہ پاکستانی نژاد کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے اس فلم میں پاکستانی شائقین کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔
بی بی سی اُردو سے خصوصی گفتگو میں جمائما خان کا کہنا تھا کہ ’20 سے 30 سال کی عمر کے درمیان میں پاکستان میں ایک قدامت پسند گھرانے میں اپنے سابقہ شوہر (عمران خان) کے ساتھ رہی، جہاں اُن کی بہنیں، بہنوں کے شوہر، اُن کے بچےِ، اور ان (عمران خان) کے والد ساتھ رہتے تھے۔ وہاں میں نے لانگ ٹرم ارینج میرجز دیکھیں جو بہت کامیاب اور خوشحال تھیں۔‘
جمائما کے مطابق ان کے اس مشاہدے نے ارینج میرجز کے متعلق ان کے پہلے سے بنے ہوئے تصورات کو تبدیل کیا اور انھیں سمجھ آیا کہ جسے ’ارینجڈ میرج‘ کہا جاتا ہے دراصل وہ ’اسسٹڈ میرج‘ ہے یعنی ایسی شادی جس میں گھر والے لڑکی یا لڑکے کو مناسب رشتے سے متعارف کرواتے ہیں جس کے بعد پھر وہ جوڑا بات چیت کو خود آگے بڑھاتا ہے اور مستقبل کا خود فیصلہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ پاکستان سے واپس برطانیہ منتقل ہوئیں تو اس وقت ان کے بہت سے دوست گھر بسانے اور والدین بننے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔
’تو ہم یہ بات کیا کرتے تھے کہ اگر ہمارے والدین ہماری شادی کریں تو وہ کس کو چُنیں گے، اور کیا ایسی شادیاں (ارینج میرج) کامیاب ہوں گی؟‘
جمائما کا کہنا تھا کہ فلم کا ہر کردار اور ہر واقعہ کسی نہ کسی حد تک ان کی ذاتی زندگی سے متاثر ضرور ہے مگر ’یہ ایک بائیو پِک نہیں ہے۔‘
’میں لِلی جیمز (فلم میں برطانوی لڑکی کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ) نہیں ہوں کیونکہ میں 21 سال کی عمر میں پاکستان گئی اور فلم کے مرکزی کردار کے مقابلے میں میری زندگی بالکل مختلف ہے۔‘

Views= (1072)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین