پیرس فیشن شوز میں سعودی ماڈل امیرہ الزہیر کے جلوے

سعودی ماڈل امیرہ الزہیر نے پیرس کے فیشن شوز میں جلوے بکھیرتے ہوئے ایک مصروف ہفتہ گزارا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امیرہ الزہیر نے اطالوی فیشن ڈیزائنر جیمبٹیسٹا والی کے موسم بہار کے ملبوسات کی نمائش کے لیے کیٹ واک کی۔
امیرہ الزہیر کے والد سعودی جبکہ والدہ فرانسیسی ہیں اور ان کی پیدائش پیرس میں ہوئی۔
امیرہ نے لبنانی ڈیزائنر جارجز چکرا اور جارجز ہوبیکا کے ملبوسات میں بھی واک کی۔
اس دوران انہوں نے مرمیڈ لباس پہنا جس کی کمر پر ربن بندھا ہوا تھا اور بڑی آستینیں تھیں اور اس کے کف بڑے بڑے پھولوں سے مشابہہ تھے اور کندھوں کے پیچھے تک گئے تھے۔
فیشن ریمپس پر سب سے زیادہ ملبوسات جیمبٹیسٹا والی کے دکھائی دیے۔ امیرہ الزہیر نے ان کا بنا گاؤن زیب تن کیا۔
ایک اور ریمپ پر سعودی ماڈل کو ایک شاہی گاؤن میں دیکھا گیا جس کی بڑی آستینیں تھیں جبکہ ایک موقع پر پیلے رنگ کا لباس بھی زیب تن کیا تھا۔
لندن میں پرورش پانے والی سعودی ماڈل کے پیرس میں ہونے والے فیشن شوز کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وہ حالیہ دنوں میں اس وقت شہ سرخیوں میں آئی تھیں جب انہوں نے دنیا کے کچھ مشہور ترین برانڈز کے ساتھ کام کیا جن میں جارجیو ارمانی، ٹِفنی اینڈ کو، بربیری، کیرولینا ہیریرا اور ڈولس اینڈ گیبانا شامل ہیں۔
ماڈلنگ کی دنیا میں امیرہ الزہیرہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور ان کی رفتار کم ہونے کا امکان اس لیے نظر نہیں آ رہا کہ دنیا کے مزید بڑے برانڈز بھی ان کے ساتھ کام کرنا چاہ رہے ہیں۔
اس سے ظاہر ہے کہ انہیں مزید مواقع بھی ملنے والے ہیں۔
امیرہ الزہیر نے کچھ عرصہ پیشتر عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہر شو سے آپ کو ایک منفرد ماحول، موڈ اور انرجی ملتی ہے۔‘
ملبوسات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کلیکشن کے پیچھے مختلف چیزیں ہوتی ہیں جو ہماری واک اور عمل سے لوگوں کے سامنے آتی ہیں۔ ’میں ان تمام ڈیزائنرز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مواقع دیے، یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔‘
امیرہ الزہیر کا مزید کہنا تھا کہ ’فیشن ایک فن ہے اور اپنا آپ دکھانے کا ہنر ہے اور میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے بڑے ڈیزائنرز کے شاہکار کام کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔‘

Views= (952)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین