’یہ بلاول بھٹو زرداری نہیں‘، اداکارہ کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو کس کی ہے؟

’پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مقامی اداکارہ کے ساتھ لیک ہونے والی ویڈیو‘ نے پاکستانی اور انڈین ٹائم لائنز پر نئی بحث چھیڑ دی۔
اس سلسلے کا آغاز اس وقت ہوا جب پاکستان سے باہر مقیم ایک ٹویپ نے چند روز قبل سامنے آنے والی ویڈیو کو گزشتہ روز ٹویٹ کیا اور ساتھ ہی یہ دعویٰ کیا کہ اس میں بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
طارق فتح نے ڈانس کرتے جوڑے کی ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن میں لکھا کہ ’پاکستانی وزیر خارجہ بلاول وہ کر رہے ہیں جسے وہ بہتر کر سکتے ہیں۔‘
اپنی پروپیگنڈا اور پاکستان مخالف ٹویٹس کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہنے والے ٹویپ کی شیئر کردہ ویڈیو اور طنزیہ تبصرہ دیکھ کر اسے انڈین ٹائم لائنز نے خصوصی توجہ دی۔
متعدد انڈین صارفین نے لکھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ یہی کریں وہ کیوں ادھر ادھر گھومتے پھرتے رہتے ہیں۔
کمیشور مشرا نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’لوگوں کے وسائل پر عیاشی کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کشمیر چاہتے ہیں۔‘
متعدد پاکستانی اور دیگر ٹویپس نے نشاندہی کی کہ شیئر کردہ ویڈیو میں بلاول بھٹو زرداری نہیں بلکہ کوئی اور ہیں یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کی جانی چاہیے تاہم ویڈیو شیئر کرنے والے نے ایسا نہیں کیا۔
انڈین ناقدین کو جواب دیتے ہوئے ٹیلی ویژن میزبان منیب فاروق نے گزشتہ کچھ عرصے میں انڈیا سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کے تناظر میں لکھا کہ ’یہ بلاول نہیں ہیں۔ ان سے مباحثہ کریں تو وہ آپ کو آپ کی اوقات دکھائیں گے۔‘
ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر شیئر ہونے والی ڈانس ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ ان مناظر میں پاکستانی اداکارہ عنایا خان اور یوٹیوبر و ماڈل مہروز بیگ کو دکھایا گیا ہے۔

Views= (2880)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین