پنجاب کے چھوٹے کاشتکارو ں کیلئے نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دے دی۔ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان اقساط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا اور مختلف اقسام کی سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب میں زرعی اصلاحات کے لیے دوسرے خصوصی اجلاس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سینٹرز بنانے اور چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”نواز شریف کسان کارڈ“ کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا، بہترین بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کے لیے کاشتکاروں کو 30 ہزار روپے فی ایکڑ زرعی قرض دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کسان کارڈ کے ذریعے مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی، پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سنٹرز بنائے جائیں گے، ماڈل ایگریکلچر سنٹرز پرجدید زرعی مشینری، ٹریننگ، پیسٹی سائیڈ بیج اور نمائشی پلاٹ بنائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے فیز میں ہر ضلع میں ایک ماڈل ایگریکلچر سینٹر بنے گا، کاشتکاروں کو جعلی کھاد، ادویات سے چھٹکارا ملے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو ہر فصل کی پیداوار اور ڈیمانڈ کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں کاٹن، گندم اور چاول کی فصل پر ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر آف ایکسیلنس بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے دوران سنٹر آف ایکسیلنس کے انتظامی امور بورڈ کے ذریعے کنٹرول کرنے اور ریسرچ سنٹر کو ریجنل یونیورسٹیز سے لنک کرنے پر اتفاق ہوا جبکہ چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب روپے کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Views= (11)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین