ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا سوشل میڈیا نیٹ ورک متعارف کرانے کا اعلان

Oct 20 2021 | ویب ڈیسک

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس 6 جنوری کو کیپیٹل ہل میں حامیوں کی ہنگامہ آرائی کے تناظر میں سوشل میڈیا پر لگنے والی مستقل پابندی کے بعد اپنی نئی میڈیا کمپنی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں اداروں کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ٹروتھ سوشل کو ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) اور ایک خصوصی کمپنی (ایس پی اے سی) کے انضمام سے بننے والی ایک نئی کمپنی کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے پریس ریلیز میں شامل ایک تحریری بیان میں کہا کہ ’ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں طالبان کی ٹوئٹر پر بہت بڑی موجودگی ہے، پھر بھی آپ کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش کرادیا گیا ہے، یہ ناقابل قبول ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں بہت جلد ٹروتھ سوشل پر اپنا پہلا سچ بھیجنے کے لیے پرجوش ہوں‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ٹی ایم ٹی جی کی بنیاد ایک مشن کے ساتھ رکھی گئی تھی تاکہ سب اپنی آواز اٹھا سکیں'۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نے بگ ٹیک کے ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے ٹروتھ سوشل اور ٹی ایم ٹی جی بنایا ہے‘۔
یہ سوشل نیٹ ورک جو اگلے ماہ بیٹا لانچ اور 2022 کی پہلی سہ ماہی میں وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے دستیاب ہوگا، کمپنی کے منصوبوں میں تین مراحل میں پہلا مرحلہ ہے، اس کے بعد ٹی ایم ٹی جی پلس نامی سبسکرپشن ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس لانچ کی جائے گی جس میں انٹرٹینمنٹ، خبریں اور پوڈ کاسٹس شامل ہوں گے۔
ٹرورتھ سوشل تیار کرنے والی کمپنی اپنی ویب سائٹ پر ایک سلائیڈ ڈیک میں، ایمیزون کی اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ سروس اور گوگل کلاؤڈ کے خلاف مقابلہ کرنے کا تصور کرتی نظر آرہی ہے۔

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین