کراچی، بیوی اور 3 بیٹیوں کا لرزہ خیز قتل، زخمی والد نے اعتراف جرم کرلیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں تین بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے والے شخص نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروادیا جس میں اُس نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی وجہ ڈپریشن اور قرض کو قرار دیا ہے۔
ملزم فواد نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا۔ جس میں اُس نے بتایا کہ دوسروں سے قرض لے کر اپنا بزنس شروع کیا، اور پھر اُس میں نقصان اٹھانا پڑا جس کی وجہ سے قرض کے بوجھ تلے دب گیا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ معاشی پریشانی کی وجہ سے اکثر بیوی سے اُس کا جھگڑا ہوتا تھا جس کی وجہ سے بچیاں پریشان ہوتی تھیں، نقصان کے بعد سرمایہ داروں اپنی رقم کی واپسی کا تقاضہ کررہے تھے لیکن پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ملزم فواد بہت زیادہ ڈپریشن میں رہتا تھا اور بیوی سے جھگڑے معمول بن گئے تھے۔
وقوعہ سے کچھ دیر قبل بھی میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور اس کی بڑی بیٹی نے کہا کہ ’آپ لوگوں کے جھگڑے کے باعث ہم بھی پریشان رہتے ہیں‘، دو چھوٹی بیٹیاں وقوعہ کے وقت چارپائی پر سورہی تھیں۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ’اہلیہ جیسے ہی واش روم گئی تو اُس نے سب سے پہلے اپنی بیٹیوں کو قتل کیا اور تصاویر انویسٹر کو بھیج کر خودکشی کا پیغام بھیجا، پھر باتھ روم سے واپسی پر بیوی کو قتل کرکے اپنے آپ کو بھی ختم کرنے کی کوشش کی‘۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کی حالت جیسے ہی کچھ بہتر ہوئی تھی تو پولیس نے فوری اس کا بیان ریکارڈ کیا تاہم بیان ریکارڈ کرانے کے دورن اس کی حالت دوبارہ خراب ہوگئی۔ ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوششیں کررہے ہیں ، اگر مقتولہ کے اہل خانہ چاہیں گے تو پولیس ان کی مدعیت میں ضرور مقدمہ درج کرے گی ورنہ سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Views= (806)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

تازہ ترین